لچین، آذربائیجان : آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، جنہیں نشانِ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے، نے آذربائیجان کے اہم دورے کے دوران آذربائیجان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس اہم ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی کی صورتحال، اور پاکستان و آذربائیجان کے مابین دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران آرمی چیف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون وقت کے ساتھ ساتھ گہرے ہوتے تعلقات کا مظہر ہے، اور یہ شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر علاقائی سیکیورٹی سے متعلق امور، باہمی فوجی مشقوں، تربیتی پروگرامز اور دفاعی پیداوار سمیت مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔