سربراہ پاک فضائیہ کی ترکیہ میں دفاعی اور ایرو اسپیس قیادت سے اہم ملاقاتیں

سربراہ پاک فضائیہ کی ترکیہ میں دفاعی اور ایرو اسپیس قیادت سے اہم ملاقاتیں

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے ترکیہ کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے ترک دفاعی اور فضائی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔

دورے میں ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر اور معروف دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور جدید عسکری نظام میں اشتراک بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ائیر چیف کو پرتپاک استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے دیا گیا گارڈ آف آنر دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران دونوں فضائی سربراہان نے مشترکہ فوجی مشقوں، پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز اور تبادلہ پروگرامز کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں فضائی افواج کی آپریشنل صلاحیت اور ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ترک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستانی پائلٹس کی تربیت میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی استعداد میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

بعد ازاں ائیر چیف نے ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعلقات، عسکری تعاون اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔دورے کے دوران بائیکار ٹیکنالوجیز کے ساتھ ملاقات میں بغیر پائلٹ فضائی نظام (UAVs)، جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور دفاعی جدت میں تعاون کے امکانات پر غور کیا گیا۔مجموعی طور پر یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔