اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے جرمنی کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر سلمان شریف نے ملاقات کی، جس میں پاک جرمن تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے سلمان شریف کو جرمنی میں بطور پاکستانی سفیر نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے بالخصوص اقتصادی تعاون میں اضافے، تجارتی روابط کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنا، ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور انہیں مؤثر قونصلر خدمات فراہم کرنا پاکستانی سفارت خانے کی اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے وزیراعظم آفس میں جوائنٹ سیکریٹری کی حیثیت سے سلمان شریف کی خدمات کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ جرمنی میں اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں گے۔ملاقات کے اختتام پر اسحاق ڈار نے سلمان شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان کی جانب سے جرمنی کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی کوششوں میں پاکستانی سفارت خانے کا کردار اہم قرار دیا جاتا ہے۔