بیلاروس کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے میجر جنرل آندرے یولیانووچ کی قیادت میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر الدین بابر سدھو سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور فضائی طاقت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمان وفد کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان قریبی اور مسلسل رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ایئر چیف مارشل ظہیرالدین بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جانب سے بیلاروس ایئر فورس کی استعداد کار بڑھانے، پائلٹس اور تکنیکی عملے کی تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی، جبکہ تربیت، ٹیکنالوجی، اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
میجر جنرل آندرے یولیانووچ نے پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے وسیع جنگی تجربے کو سراہا اور تربیتی نظام سے استفادے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے ایئر چیف کو بیلاروس میں ہونے والے دفاعی ایونٹس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے اور عسکری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی تبادلہ پروگرامز پر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وفد کا یہ دورہ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون اور دوستی کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔