پنجاب کے عوام کے لیے نئے سال کے آغاز پر ایک اہم اور جدید سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کی نگرانی میں چین سے درآمد کی جانے والی الیکٹرک بسوں کی تیاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ یہ بسیں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں عوامی نقل و حمل کے لیے چلائی جائیں گی۔ان بسوں کی تیاری کے دوران ان کی رفتار، ٹائروں کے معیار، برقی نظام اور شارٹ سرکٹنگ سمیت تمام اہم پہلوؤں کی جانچ کی گئی ہے۔ اس کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ان بسوں کی مکمل ٹیسٹنگ کے مراحل کو دکھایا گیا ہے۔ بسوں کو مختلف معیاروں پر جانچا گیا تاکہ ان کی کارکردگی، حفاظت اور ماحولیاتی اثرات کی تصدیق کی جا سکے۔
یہ الیکٹرک بسیں نہ صرف عوام کو ایک جدید، آرام دہ اور کم آلودگی والی سفری سہولت فراہم کریں گی، بلکہ یہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کی کوششوں کا بھی حصہ ہیں۔ ان بسوں کا چلنا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام زیادہ ماحول دوست اور مستحکم ہو۔ ان اقدامات سے جہاں عوام کو سہولت ملے گی، وہیں حکومت کے ماحولیاتی تحفظ کے اہداف بھی پورے ہوں گے۔