وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرگودھا کے بعد ساہیوال میں بھی الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران انہوں نے شہریوں کے لیے اس جدید ٹرانسپورٹ سروس کی خصوصیات بیان کیں۔مریم نواز نے بتایا کہ ساہیوال کے لیے 30 الیکٹرک بسیں مختص کی گئی ہیں، اور شہریوں کے لیے بس کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ سپیشل افراد، خواتین، بزرگ شہری اور طلبا مفت سفر کر سکیں گے۔ بسوں میں ریمپ، چارجنگ پورٹ اور وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے، تاکہ تمام مسافروں کو محفوظ اور باعزت سفر فراہم کیا جا سکے۔
اس سے قبل، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولنگر میں سلائی مشین پر کام کرنے والی خواتین کے کیمپ کا دورہ کیا، خواتین کے ساتھ وقت گزارا، خود بھی سلائی کی، اور سیلاب سے متاثرہ بچوں کے ساتھ وقت گزار کر ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیح شہریوں کو معیاری ٹرانسپورٹ سہولتیں فراہم کرنا ہے، اور چھوٹے شہروں میں بھی یہ سہولیات بڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں یہ منصوبے نوازشریف کے دور کی ترقی کے نشانات ہیں۔