پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں 1500 الیکٹرک بسوں کے چلانے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی تفصیلات پر بات کی گئی۔ اجلاس میں پہلے مرحلے میں 380 الیکٹرک بسوں کی خریداری کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس منصوبے کا مقصد پنجاب کے بڑے شہروں میں الیکٹرک بسوں پر مشتمل جدید ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے بعد دوسرے شہروں میں جیسے سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات وغیرہ میں بھی نئے ٹرانسپورٹ سسٹم کا آغاز کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے لاہور اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس سروس کے لیے اگلے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کی ہے۔ فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ سمندری روڈ سے سرگودھا روڈ تک ریڈ بس سروس اور جڑانوالہ سے جھنگ روڈ تک اورنج بس سروس ہوگی۔
مریم نواز نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں الیکٹرک بس کے ٹریک کے لیے پلان طلب کیا اور لاہور میں یلیو لائن الیکٹرک بس کے ٹریک کی پلاننگ کے لیے 15 دن کی مہلت دی۔ علاوہ ازیں، لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ ٹاور اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کے حوالے سے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہر بڑے شہر میں شاندار اور جدید ترین بس سسٹم موجود ہو تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔