وی پی این بند کرنے‘ نیٹ سلو کرنے والوں کو فرق نہیں پڑتا فرق پڑتا ہے تو آپ کو اور مجھے، لوڈشیڈنگ ختم ہونے کے دعوے سے بڑا کوئی مذاق نہیں جو کہتے ہیں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی
کوہ ہمالیہ کا پگھلنا نئی نسل کیلئے خطرہ ہے‘ ترقیاتی بجٹ بنانے والے لوگ ساٹھ سال کی عمر کے ہیں جو نوجوانوں اور ان کے مستقبل کا سوچتے ہی نہیں: سندھ یونیورسٹی جامشورو کے کانووکیشن سے خطاب
جامشورو(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے انٹرنیٹ اب ایک بنیادی انسانی حق ہے، ہم ڈیجیٹیل بل آف رائٹس لے کر آئیں گے نوجوان اس حوالے سے قانون سازی میں اپنا کردار ادا کریں، کوہ ہمالیہ کا پگھلنا نئی نسل کیلئے خطرہ ، جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔سندھ یونیورسٹی جامشورو کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمارے بڑوں نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کو اس انداز میں نہیں سمجھا، جس طرح سمجھا جانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے، یہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے جتنا بڑا خطرہ ہے، شاید یہ ماضی میں نہیں تھا، حال ہی میں آنے والے سیلاب سے اس کی مثال کو سمجھا جاسکتا ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارے پہاڑوں پر موجود برف پگھل جائے گی تو ہماری نئی نسلوں کے لیے خطرہ یہ ہوگا کہ ہم تاریخی سیلابوں کا سامنا کرتے رہیں گے، کوہ ہمالیہ جو ہمیں صدیوں سے دریائے سندھ کے ذریعے پانی پہنچا رہا ہے، وہ پگھل جائے گا تو ہمارے بہت بڑا خطرہ سامنے کھڑا ہوگا، پاکستان اس خطرے سے نمٹنے اور ادراک کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہاں موجود طلبہ اور ان کے ساتھی اس حوالے سے جنگی بنیاد پر تیاری کریں، گلگت بلتستان سے لیکر دریائے سندھ کے آخری سرے تک ہمیں کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا ترقیاتی بجٹ بنانے والے لوگ ساٹھ سال کی عمر کے ہیں جو نوجوانوں اور ان کے مستقبل کا سوچتے ہی نہیں