اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے فوج کو ہدایت دی ہے کہ غزہ سے اڑنے والی پتنگوں کو جنگی ہتھیار تصور کیا جائے، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ سے پتنگیں، غبارے اور ڈرونز کے اسرائیلی حدود کی جانب بھیجے جانے کے دعوؤں کے بعد حملے تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ سے آنے والی 4 پتنگوں میں کوئی دھماکا خیز مواد یا مشتبہ چیز موجود نہیں تھی، تاہم اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے غزہ میں کارروائیاں بڑھانے اور بعض رہائشی علاقوں سے فلسطینیوں کے انخلاء کا حکم دینے کی دھمکی دی ہے۔دوسری جانب، حماس نے اسرائیلی مؤقف کو مزید حملوں کا بہانہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بے گھر فلسطینی بچوں کی جانب سے اڑائی جانے والی پتنگوں کو جواز بنا کر فلسطینیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔