امریکا کی الیف ایرو ناٹکس نے دنیا کی پہلی اڑنے والی گاڑی کی تیاری شروع کر دی

امریکا کی الیف ایرو ناٹکس نے دنیا کی پہلی اڑنے والی گاڑی کی تیاری شروع کر دی

امریکی کمپنی الیف ایرو ناٹکس نے سائنس فکشن کو حقیقت میں بدلتے ہوئے دنیا کی پہلی اڑنے والی گاڑی کی پروڈکشن کا آغاز کر دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق الیف ماڈل اے الٹرا لائٹ نامی یہ جدید گاڑی 2026 کے آغاز میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔الیف ایرو ناٹکس کے چیف ایگزیکٹو جم ڈوخوفنی نے کہا کہ دنیا کی پہلی فلائنگ کار کی باقاعدہ تیاری شروع ہو چکی ہے اور چند ماہ میں یہ مکمل ہو جائے گی۔ یہ گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک ہے اور ڈیزائن کے لحاظ سے ہالی ووڈ فلم "بیک ٹو دی فیوچر" میں دکھائی گئی گاڑی سے مشابہ ہے۔کمپنی کے مطابق یہ گاڑی سڑک پر 200 میل اور فضا میں 110 میل تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کا کیبن پرواز کے دوران توازن برقرار رکھنے کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، اور اندرونی نظام ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ میں مدد دیتا ہے۔

یہ گاڑی ڈرون کی طرح پروپیلرز کے ذریعے اڑتی ہے اور روایتی وِنگز استعمال نہیں کرتی۔فلائنگ کار ایک وقت میں صرف ایک مسافر کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے اور 90 کلوگرام وزن تک کا فرد اس میں سفر کر سکتا ہے۔ فی الحال اس کی قیمت 3 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو ابتدائی طور پر محدود خریداروں کے لیے دستیاب ہوگی۔خیال رہے کہ کمپنی کا پہلا پروٹوٹائپ فروری 2025 میں کامیابی کے ساتھ آزمایا جا چکا ہے۔