ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح الفاظ میں بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُس نے پاکستان کا پانی بند یا اُس کا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ اقدام ’’اعلانِ جنگ‘‘ تصور ہوگا۔
کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا:"بھارت نہ تو پاکستان کا پانی روک سکتا ہے، نہ ہی اس کا رخ موڑ سکتا ہے۔ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوشش کی، تو ہم اس کا سخت جواب دیں گے۔"
سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر ردعمل
اسحاق ڈار نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے معاہدہ معطل کرنے کی کوشش پر پاکستان نے جوابی اقدامات کیے، جن میں:
بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنا
واہگہ بارڈر کی بندش
بھارتی شہریوں (سکھ کمیونٹی کے علاوہ) کے ویزے منسوخ کرنا شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پلوامہ اور پہلگام واقعات پر بات
انہوں نے کہا:"پلوامہ اور پہلگام جیسے واقعات پر بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، لیکن ہم نے اس مرتبہ بھارتی بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ہم نے شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔"
اقتصادی صورتحال اور اہداف
اسحاق ڈار نے معاشی معاملات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:2018 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا۔کچھ سالوں میں پاکستان کو G20 ممالک میں شامل ہونا تھا، لیکن معاشی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان 47ویں نمبر پر چلا گیا۔2022 میں ڈیفالٹ کے قریب تھے، لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بچایا گیا۔
انہوں نے بتایا:پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گیا۔مہنگائی 38 فیصد سے سنگل ڈیجٹ تک آ چکی ہے۔
دہشت گردی اور سکیورٹی
اسحاق ڈار نے کہا:"ہم نے دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا ہے، اور ہم اگلی نسلوں کے لیے ایک پُرامن پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں۔"
ملائیشیا سے تعلقات
تقریب کے بعد نائب وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں:دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔پاکستان نے آسیان چیئر کے طور پر ملائیشیا کی قیادت کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائی گئیں۔