سیالکوٹ: بھارت کے جہاز پاکستانی فوج نے پتنگوں کی طرح کاٹ دیے، افواج کی جرات تاریخ کا سنہری باب ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قیادت نے جوانوں کے حوصلے بلند کیے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت بڑے بڑے جنگی جہاز لے کر آیا تھا لیکن پاکستانی افواج نے انہیں پتنگوں کی طرح گرا کر تاریخ رقم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی اس جرات مندانہ کارکردگی پر سربراہان افواج اور تمام جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے لیے قربانیاں دیں، اور پاکستان کے قیام کے بعد سے بھارت مسلسل دشمنی پر گامزن رہا ہے۔ وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو پاک فوج کی بہادری سے روشناس کروایا جائے اور ان داستانوں کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج کی 78 سالہ تاریخ بہادری، قربانی اور فرض شناسی کی مثال ہے، اور بھارت کے خلاف حالیہ کامیابیاں اس تاریخ کا ایک سنہری باب بن چکی ہیں۔