پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، یہ توسیع سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کی گئی ہے تاکہ عوامی تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے، مگر اس کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔ اندرونی تقریبات میں ڈرون کے استعمال کے حوالے سے مکمل ذمہ داری منتظمین کی ہوگی۔پابندی دفعہ 144 انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لاگو نہیں ہوگی، جو اپنے سرکاری اور آپریشنل مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کر سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے ضلعی سطح پر "سیف ڈرون یوزیج کمیٹی" تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس سے منظوری حاصل کرنے کے بعد زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر منظور شدہ سرگرمیوں کے لیے ڈرون کا استعمال ممکن ہوگا۔پنجاب حکومت کے مطابق، یہ اقدامات عوامی تحفظ، امن و امان، اور اہم تنصیبات و املاک کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔