پنجاب بھر میں جاسوسی آلات کے استعمال اور خریدوفروخت پر پابندی برقرار، دفعہ 144 میں توسیع

پنجاب بھر میں جاسوسی آلات کے استعمال اور خریدوفروخت پر پابندی برقرار، دفعہ 144 میں توسیع

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی آلات کے استعمال، خریدوفروخت اور آن لائن تجارت پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی۔

 اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دفعہ 144 کے نفاذ میں بھی توسیع کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خفیہ کیمروں سے لیس عینکوں، پین، کی چین اور دیگر مائیکرو کیمروں کے استعمال اور خریدوفروخت پر پابندی برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ ایسے تمام آلات کی آن لائن خریدوفروخت بھی ممنوع ہوگی جن کے ذریعے کسی شخص کی تصاویر، ویڈیوز یا آواز خفیہ طور پر ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ خفیہ طور پر ریکارڈنگ کرنے والے تمام آلات پابندی کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد ایسے آلات کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس پابندی کا بنیادی مقصد خواتین اور بچوں کی عزت، وقار اور پرائیویسی کا تحفظ کرنا ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی کی اجازت کے بغیر تصاویر، ویڈیوز یا آڈیو ریکارڈ کرکے انہیں ہراساں کرنے یا بلیک میل کرنے جیسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔حکام کے مطابق لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ آلات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، لہٰذا عام استعمال کے ان آلات پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت پابندی میں توسیع کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو نوٹیفکیشن پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔