پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روزہ پابندی عائد

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روزہ پابندی عائد

لاہور: حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات اور عوامی تحفظ کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق صوبے بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر ہوگا، تاہم شادی ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔حکومت نے انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے تاکہ وہ اپنی سرکاری اور سکیورٹی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کر سکیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈرون کے محفوظ اور قانونی استعمال کی اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں‘‘ بھی تشکیل دے دی ہیں۔

 یہ کمیٹیاں مخصوص مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی تحریری اجازت جاری کریں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق زرعی، آبپاشی اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ڈرون استعمال کرنے کے خواہشمند افراد متعلقہ کمیٹی سے پیشگی تحریری اجازت حاصل کر سکیں گے۔ کمیٹی کی اجازت سے کیے جانے والے استعمال کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوامی تحفظ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال و املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔