محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے تحت پابندیوں کی مدت میں 8 دن کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
اس کے علاوہ، عوامی مقامات پر 4 یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ تمام قسم کے اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم بھی ممنوع ہے۔ یہ اقدامات امن و امان برقرار رکھنے، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کئے گئے ہیں، اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارشات پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ پابندی شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر لاگو نہیں ہوگی، اور سرکاری ملازمین و اہلکار، عدالتیں اس سے مستثنیٰ ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق، لاؤڈ سپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبہ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندیاں یکم نومبر تک جاری رہیں گی۔