ایران ‘ امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں جاری ہیں پاک چین د وستی ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے شہبازشریف

پاکستان کو چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے ‘ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں:وزیراعظم کی چین کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو
 شہباز شریف سے  پاکستانی خلا باز، خرم داؤد اور محمد ذیشان علی کی ملاقات‘ آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے  اہم سنگ میل اور مجھ سمیت پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے:وزیراعظم
جنگی صورتحال میں بروقت اقدامات سے توانائی بحران  نہیں ہوا‘ذرائع آمدورفت کو بتدریج برقی گاڑیوں پر منتقل  ، سرکاری استعمال کیلئے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں:اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے  پاکستان کو چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے اور اس عزم کا  اظہار کیاہے کہ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر، جیانگ زائیڈونگ نے  وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور  سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔وزیرِ اعظم نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ تعلقات مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے  خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں ممالک کی دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا باز، خرم داؤد اور محمد ذیشان علی کی ملاقات ہوئی۔اس موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔۔وزیراعظم نے خلابازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  آپکا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور مجھ سمیت پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے۔پر اعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں۔آپ کی شبانہ روز محنت کی بدولت آپ نے یہ مقام حاصل کیا جو قابل ستائش ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چینی توسط سے آپکا یہ سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔اس موقع پر موجود چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں ممالک کی دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے۔چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی گفتگو کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے خلائی تحقیق میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا‘دریں اثناء وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی خارجہ پالیسی اور علاقائی سفارتی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر  شہباز شریف نے کہا پاکستان مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا۔ امید ہے ایران اور امریکہ کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں میں کامیابی ہو گی ۔  علاوہ ازیں زیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی توانائی ضروریات، بچت اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا‘اجلاس میں شہبازشریف نے کہا موجودہ علاقائی صورتحال میں توانائی کی بچت اور اس حوالے سے بروقت کئے گئے اقدامات سے توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ‘ انرجی سکیورٹی اب ملک کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے، موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود بروقت اقدامات اور توانائی کی بچت کے باعث ملک میں کسی بڑے بحران کو جنم نہیں لینے دیا گیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر خام تیل کے سٹریٹجک ذخائر قائم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام کیا جائے۔وزیراعظم نے ماحول دوست پالیسیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذرائع آمدورفت کو بتدریج برقی گاڑیوں (EV) پر منتقل کیا جائے اور آئندہ سرکاری استعمال کیلئے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں