ایران امریکہ مذاکرات کا دوسرا دور‘ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس، صورتحال کا جائزہ‘وزیر داخلہ نے امریکی اور ایرانی سفیر سے اپنی ملاقاتوں پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا‘پاکستان کا کوششیں جاری رکھنے کا عزم
خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں:یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو‘ شہبازشریف نے پاکستان کی خطے میں امن کے قیام کے لئے سفارتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا
اسلام آباد (آن لائن)ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تازہ صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی اور ایرانی سفیر سے اپنی ملاقاتوں پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا جبکہ پاکستان کی طرف سے ایران امریکہ مذاکرات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اورایران کی مذاکرات میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق ایران کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کے بعد پیدا صورتحال پر غورکیا گیا۔وزیر داخلہ نے امریکی اور ایرانی سفیروں سے اپنی ملاقات پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے ایران امریکہ مذاکرات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران کی مذاکرات میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دریں اثناء یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹانے خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے یورپی یونین اس عمل کی ہر ممکن حمایت کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پیر کی شام یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے صدر کوسٹا کے ساتھ پاکستان کی خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔