طالبعلم پرساتھیوں کاتشدد:دانت وجبڑاتوڑ دیا

مقدمے میں سکول کی پرنسپل سارہ اجمل، ایم ڈی زینب قریشی سمیت تین طالبعلم معیز، نوفل اور سبحان نامزد 
لاہور(کرائم رپورٹر)جوہر ٹاؤن میں واقع لکاس سکول ایف ون برانچ میں 15 سالہ طالبعلم یحییٰ پر ساتھی طالبعلموں کی جانب سے بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے،تشدد کے نتیجے میں طالبعلم یحییٰ کا دانت اور جبڑا ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ زخمی طالبعلم کے والد وقاص کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔مقدمے میں سکول کی پرنسپل سارہ اجمل، ایم ڈی زینب قریشی سمیت تین طالبعلموں معیز، نوفل اور سبحان کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق معیز، نوفل اور سبحان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر یحییٰ کو شدید زد و کوب کیا۔زخمی یحییٰ کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایف آئی آر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکول پرنسپل سارہ اجمل نے متاثرہ طالبعلم کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جبکہ سکول کی ایم ڈی زینب قریشی نے نہ صرف واقعے کو چھپانے کی کوشش کی بل کہ فیملی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، سکول انتظامیہ نے زبردستی صلح پر زور دیا اور متاثرہ خاندان کو ڈرا دھمکا کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔