85 سالہ بزرگ اغواء‘ملزموں کاتشدد‘ بیرون ملک مقیم بیٹے کو ویڈیو کال پردکھاتے رہے

حفیظ ساجد کو  چک 19 فورڈواہ  کے مرکزی چوک سے ‘ اغوا ء کیا گیا ‘ آصف ڈان کے ڈیرے پر لے جاکر  بے دردی سے مارا  گیا
بے ہوش ہونے پر دوبارہ ہوش میں لا کر تشدد کرتے رہے‘ویڈیو سامنے آنے پر پولیس کا ایکشن‘مقدمہ درج‘آصف ڈان اور ساتھی گرفتار

 بہاولپور(یواین پی)بہاولپور کے علاقے تھانہ قائم پور کی حدود میں واقع چک 19 فورڈواہ میں  انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، جس میں آصف ڈان نامی بااثر شخص نے اپنے کارندوں کے ساتھ مل کر 85 سالہ بزرگ شہری پر بدترین تشدد کیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی، جس پر عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ بزرگ شہری حفیظ ساجد کو چک کے مرکزی چوک سے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا اور آصف ڈان کے ڈیرے پر لے جایا گیا، جہاں اسے زمین پر بٹھا کر بے دردی سے مارا پیٹا گیا اور جب بزرگ بے ہوش ہوا تو اسے دوبارہ ہوش میں لا کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ملزموں نے ظلم کی حد کرتے ہوئے ملائیشیا میں مقیم بزرگ کے بیٹے کو ویڈیو کال کی اور اسے باپ پر ظلم و تشدد براہ راست دکھایا گیا۔ دورانِ تشدد ملزم بار بار بیٹے کو کہتے رہے  اپنے باپ کو چھڑوا لو جبکہ بیٹا ویڈیو کال پر اپنے والد کی حالت دیکھ کر روتا اور گڑگڑاتا رہا، تاہم وہ بے بس رہا۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور مرکزی ملزم آصف ڈان سمیت دیگر افراد کو گرفتار کر لیا۔ مزید تفتیش جاری ہے اور متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب متاثرہ بزرگ شہری حفیظ ساجد نے انصاف کے لیے دہائی دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اور ان کے خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے اور ملزموں کو سخت ترین سزا دی جائے