بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ کرشمہ کپور نے حال ہی میں ایک ایونٹ کے دوران اپنی مشہور فلم دل تو پاگل ہے کے شہرہ آفاق گانے ’لے گئی لے گئی‘ پر رقص کر کے 90 کی دہائی کی یادیں تازہ کر دیں۔
ان کی اس جاندار اور پُرکشش پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جسے دیکھ کر مداحوں نے ایک بار پھر کرشمہ کی فنکارانہ مہارت کو سراہا۔ایونٹ میں 50 سالہ کرشمہ کپور نے سبز رنگ کے منفرد اور دلکش لباس میں شرکت کی، جس میں ایپل گرین سیٹن اسکرٹ، ہلکے رنگ کا بلاؤز اور اسی رنگ کا طویل کوٹ شامل تھا۔ ان کے رقص اور فیشن اسٹائل نے شرکاء کو نہ صرف حیران کیا بلکہ ماضی کی یادوں میں بھی لے گیا۔فلم دل تو پاگل ہے 1997 میں یش چوپڑا کی ہدایت میں ریلیز ہوئی تھی اور اس میں کرشمہ کپور نے شاہ رخ خان اور مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم کو اس کے میوزک، کہانی اور پرفارمنسز کے باعث بے حد پسند کیا گیا اور اسے 3 نیشنل فلم ایوارڈز بھی ملے، جن میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ کرشمہ کپور کو دیا گیا۔کرشمہ کپور کی حالیہ پرفارمنس نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ آج بھی اپنی دلکشی، جوش اور فنکارانہ مہارت سے ناظرین کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ نہ صرف ایک جذباتی جھلک تھا بلکہ بھارتی سنیما کے سنہری دور کو خراجِ تحسین بھی۔