وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی (NSC) کا اہم اجلاس جاری ہے، جس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت شریک ہے۔

 اجلاس میں بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے فالس فلیگ آپریشن کے بعد کی داخلی و خارجی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت کے غیر ذمے دارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی، واہگہ-اٹاری سرحد کی بندش، پاکستانیوں کے بھارتی ویزوں کی منسوخی اور ہندوستان میں مقیم پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے حکم جیسے اقدامات کا بھی جواب دینے کی حکمت عملی پر مشاورت کر رہی ہے۔

اجلاس میں بھارت کی طرف سے دریاؤں پر عجلت میں کیے گئے ناقابل عمل آبی اقدامات کے مضمرات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، اور ان کے جواب میں پاکستان کی ممکنہ کارروائیوں پر مشاورت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کی جانب سے داخلی سطح پر سیکیورٹی الرٹ میں اضافے اور سفارتی سطح پر عالمی برادری کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کرنے کے لیے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس کے بعد ایک تفصیلی اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔