لاہور میں کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیرصدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور ڈویژن کی ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید رشید چوہان سمیت لاہور، قصور اور شیخوپورہ کے ترقیاتی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران لاہور، قصور اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والی چار نئی ترقیاتی اسکیمیں منظوری کے لیے پیش کی گئیں، جبکہ پہلے سے منظور شدہ دو اسکیمیں درستگی اور تصحیح کے لیے دوبارہ پیش کی گئیں۔کمشنر لاہور نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر ترقیاتی اسکیم میں قیمتوں میں فرق (پرائس ویری ایشن) کی مکمل جانچ ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ وقت میں مکمل ہونے چاہییں۔
اجلاس میں لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پرائمری سکول برائے سپیشل ایجوکیشن اور نارنگ منڈی شیخوپورہ میں سپیشل ایجوکیشن کی عمارت کی تعمیر سے متعلق اسکیموں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔تاہم، ضلع ننکانہ میں سڑک کی تعمیر اور تحصیل کمپلیکس قصور کی نظرثانی شدہ اسکیم کو باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں طے پایا کہ تمام اسکیموں کی بروقت تکمیل، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔