پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار رہے گی

پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار رہے گی

لاہور: پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج بھی ہیٹ ویو اور شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔

 پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق اپریل کے اختتام تک درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ لاہور سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔گزشتہ روز بہاولنگر میں 44، رحیم یار خان میں 42 اور کوٹ ادو میں 41 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان میں بھی 40 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ خانیوال، قصور، لیہ، جھنگ، حافظ آباد اور فیصل آباد میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا۔

ترجمان ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت متعلقہ ادارے الرٹ رہیں گے اور چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، اور پی ڈی ایم اے نے ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خیال رکھا جائے۔