لاہور: سورج نے صبح سویرے ہی اپنی شدت دکھانا شروع کر دی ہے، اور دن کے آغاز سے ہی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔
لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شدید گرمی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کی صورتحال بھی بدستور خراب ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 180 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست آ گیا ہے۔
ہیٹ ویو کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 15 مئی سے 20 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ جن علاقوں میں یہ شدید گرمی اثر انداز ہو سکتی ہے ان میں جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ
محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے نتیجے میں برف پگھلنے کی رفتار میں غیرمعمولی اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، جس سے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔
احتیاطی تدابیر کی ہدایت
شدید گرمی کے باعث ماہرین صحت اور حکومتی اداروں کی جانب سے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کو دوپہر کے اوقات میں باہر نکلنے سے پرہیز کرنے، پانی زیادہ پینے، ہلکے کپڑے پہننے اور دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔