محکمۂ موسمیات نے مئی کی پہلی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے، جس کے مطابق 15 سے 20 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمۂ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 15 مئی سے ہوا کا دباؤ ملک کے بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اسی دوران 15 سے 19 مئی تک ملک کے بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا کہ 19 مئی سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے، جس سے 19 اور 20 مئی کو ان علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔یہ گرمی کی لہر اور بارش کی پیش گوئی شہریوں کو موسم کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تنبیہہ کر رہی ہے۔