لاہور سمیت پنجاب میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ ویو الرٹ جاری

لاہور سمیت پنجاب میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ ویو الرٹ جاری

لاہورسمیت پنجاب بھر میں شدید اور خشک گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز ہی شدید دھوپ کے ساتھ ہوا، جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ رات کے وقت بھی گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 8 سے 12 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی پنجاب اور میدانی علاقوں میں یہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

جن اضلاع میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ان میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، بھکر، لیہ اور دیگر اضلاع بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم غیر معمولی طور پر گرم رہے گا اور گرد آلود ہواؤں کے ساتھ طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے گریز کریں، پانی زیادہ پئیں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے بچیں۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔مزید یہ کہ ریسکیو 1122 اور موبائل ہیلتھ ٹیموں کو بھی ہیٹ ویو اور ممکنہ ہیٹ اسٹروک کیسز سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔