ویٹی کن سٹی( آئی این پی )پوپ فرانسس کا جسد خاکی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے سینٹ پیٹرز بیسلیکا پہنچادیا گیا تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور درجنوں دیگر عالمی رہنمائوں کی روم آمد سے قبل کیتھولک عقیدت مندوں کو آخری رسومات ادا کرنے کا موقع مل سکے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پوپ کے لکڑی کے کھلے تابوت کو جنازہ برداروں نے سرخ لباس میں ملبوس کارڈینلز کے جلوس میں کاسا سانتا مارتا سے 500میٹر کے فاصلے پر واقع سینٹ پیٹرز بیسلیکا پہنچایا۔جلوس سے قبل ویٹیکن کے ارد گرد لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، عقیدت مندوں اور عام افراد کو جمعہ کو شام 7بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 10بجے )تک مرحوم پوپ کے آخری دیدار کی اجازت ہوگی۔پوپ کی آخری رسومات ہفتے کی صبح سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ادا کی جائیں گی جس کی قیادت کالج آف کارڈینلز کے ڈین 91 سالہ جیووانی بٹسٹا رے کریں گے۔