امریکی صدر ، خاتون اول کے علاوہ کئی ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے
ویٹی کن سٹی(آئی این پی)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا آنجہانی پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتے کو ادا کی جائیں گی، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول کے علاوہ کئی ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتہ 26اپریل کو صبح 10بجے سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں ادا کی جائیں گی۔امیگریشن کے حوالے سے پوپ کے ساتھ بار بار تنازعات کا شکار رہنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ پوپ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے روم جائیں گے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پوپ فرانسس کے آبائی ملک ارجنٹائن کے صدر جیویئر ملی، برازیل کے صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی پوپ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ویٹیکن نے اعلان کیا ہے کہ پوپ فرانسس کا تابوت کارڈینلز کے ہمراہ ایک جلوس کی شکل میں بدھ کی صبح 9 بجے پوپ کی رہائش گاہ سانتا مارٹا کے چیپل سے سینٹ پیٹر بیسلیکا منتقل کیا جائے گا۔