وزیر اعظم بے بس ہیں تو اقتدار چھوڑ دیں ندیم افضل چن سندھ ہمیں ڈکٹیشن نہیں دے سکتا عظمی بخاری

صدر پاکستان نے نہروں کے منصوبے کی منظوری نہیں دی‘پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ نہیں نظام کے ساتھ ہے ‘کسی کو گرانا یا ہٹانا ہمارا مقصد نہیں :سیکرٹری اطلاعات پی پی

نہروں میں سیلاب کا  استعمال ہوگا‘پیپلزپارٹی گمراہ کن بات کرے گی تو جواب دیا جائیگا، بھارت کو خبردار کر رہی ہوں، فالس فلیگ کی آڑ میں مہم جوئی کا انجام خطرناک ہوگا:وزیراطلاعات پنجاب
پہلا انٹرو
 اسلام آباد (آ ئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے   پیپلز پارٹی دہشتگردی ،کینالز سمیت دیگر ایشوز پر تمام جماعتوں کو آن بورڈ لیکر آگے بڑھنا چاہتی ہے، نئی نہروں کے معاملے پر  وزیر اعظم بے بس ہیں تو اقتدار چھوڑ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انچارج پیپلز لیبر بیورو پاکستان منظور چودھری ودیگررہنمائوں کے ساتط اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا ہم نے کبھی تقسیم کی بات نہیں کی، ہم پوائنٹ سکورنگ نہیں، عوام کے حقوق کی بات کر رہے ہیں، پانی کا مسئلہ اور کمی  ہے تو پھر بتائیں نئی کینالز کو پانی کہاں سے دیں گے؟ کسانوں کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ نہیں نظام کے ساتھ ہے کسی کو گرانا یا ہٹانا ہمارا مقصد نہیں عوامی مسائل کے حل اور حقوق دینے کی بات کر رہے ہیں، ن لیگ  پنجاب کی  وارث نہیں بلکہ اربوں کی جائیدادیں بیچ ڈالیں عوام سے سہولیات چھین لیں۔اس موقع پر انچارج پیپلز لیبر بیورو پاکستان  منظور چودھری نے کہا  صدر پاکستان نے  کینالز کے منصوبے کی منظوری نہیں دی ،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کیوں نہیں بلایا جا رہا، پہلے جو نہریں چل رہی ہیں ان میں پانی کی کمی ہے پانی کی کمی ہے مسئلہ کیسے حل ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کہاں سے آئے گا ؟ کسان کو پہلے ہی مشکلات کا سامناہے ،فصلیں کاشت نہیں ہوں گی کہاں جائے گا ؟پیپلز پارٹی پانی کے مسئلے پر کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔  چوہدری منظور نے سوال کیا ہے کہ چولستان کینال کو پنجاب کی کون سی نہر کا پانی دیں گے؟ غریب کسانوں کا پانی چھین کر چولستان مین کارپوریٹ سیکٹر کو دینا چاہتے ہیں

دوسرا انٹرو
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  کینالز منصوبے میں سیلاب کا پانی استعمال ہوگا اور اس پر سندھ ہمیں ڈکٹیشن نہیں دے سکتا،ابھی تک کوئی نہربننا شروع نہیں ہوئی مگر ایسا نہیں کہہ رہی کہ اتفاق رائے نہیں ہوا تونہریں نہیں بنیں گی،پیپلزپارٹی گمراہ کن بات کرے گی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، ہر بیان کا جواب دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عظمی بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کوسندھ کے کسانوں کی فکرکیوں نہیں ہوتی؟ پیپلزپارٹی سندھ میں 16 سال سے اقتدارمیں ہے، اپنی کارکردگی پردھیان دے، اگرپیپلزپارٹی غلط بیانی سے کام لیگی توجواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی نہربننا شروع نہیں ہوئی مگر ایسا نہیں کہہ رہی کہ اتفاق رائے نہیں ہوا تونہریں نہیں بنیں گی، مذاکرات دھمکیوں کے ذریعے نہیں ہوتے۔دریں اثناء ایک ویڈیو بیان میں  عظمیٰ بخاری نے  کہا ہے اگر بھارت اس فالس فلیگ کو بنیاد بنا کر کسی قسم کی مہم جوئی کا ارادہ رکھتا ہے تو یہ اس کی بہت بڑی بھول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی پاکستان ہر سطح پر مؤثر جواب دے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ الحمدللہ، پاکستان نے ماضی میں ہر بار بھارت کو دھول چٹائی ہے، اور آئندہ بھی اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا۔