لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے ‘ کارکردگی دکھاتے ہیں( شازیہ مری) ڈکٹیشن اور دھمکیاں آپ دے رہے ہیں عظمیٰ بخاری

قدرتی آفت کے وقت انا اور غرور کی نہیں  صرف عوام کی مدد کی اہمیت ہے، ہم عوام کیلئے کام کرتے ہیں اور ان کا ریلیف ہماری ترجیح ہے:رہنما پی پی
 عقل کل بننے کی کوشش مت کریں‘جہاں آپ کا مینڈیٹ نہیں ہے وہاں خوامخواہ ڈیڑھ گز کی مسجد بنانے کی کوشش نہ کریں:وزیراطلاعات پنجاب
اسلام آباد‘لاہور(آن لائن)پیپلز پارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری شازیہ مری نے کہا ہے  لیڈر دھمکیاں نہیں دیتے - وہ خدمت اور کارکردگی دکھاتے ہیں، قدرتی آفت کے وقت انا اور غرور کی نہیں بلکہ صرف عوام کی مدد کی اہمیت ہے‘ترجمان پی پی پی نے ایک بیان میں  کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تنقید کے باوجود صبر کا راستہ اختیار کیا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو کی توجہ ہمیشہ عوام پر رہی ہے اور رہے گی۔ شازیہ مری نے کہا کہ باتوں سے نہیں، عملی کام سے قیادت نظر آتی ہے، چیئرمین پی پی پی نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ریلیف بی آئی ایس پی کے ذریعے دیا جائے، 2022 کے سیلاب متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے فی خاندان 25 ہزار روپے دیے گئے تھے، 2025 ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کے لیے بھی بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ ہم کسانوں اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد پر توجہ جاری رکھیں گے، وزیرِاعلیٰ پنجاب کو یاد رکھنا چاہیے کہ لیڈر خدمت کرتے ہیں، دھمکیاں نہیں دیتے،قدرتی آفت کے وقت انا اور غرور کی نہیں بلکہ صرف عوام کی مدد کی اہمیت ہے، ہم عوام کے لیے کام کرتے ہیں اور ان کا ریلیف ہماری ترجیح ہے۔دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شازیہ مری کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے عقل کل بننے کی کوشش مت کریں، ڈکٹیشن بھی آپ دے رہے دھمکیاں بھی آپ دے رہے ہیں، جہاں آپ کا مینڈیٹ نہیں ہے وہاں خوامخواہ ڈیڑھ گز کی مسجد بنانے کی کوشش نہ کریں۔اْنہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جو دودھ اور شہد کی نہریں بہانا چاہتے وہ سندھ میں بہالیں جہاں اْن کے پاس مینڈیٹ ہے، پنجاب نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا۔یم نواز کو معلوم ہے اپنے لوگوں کے مسائل حل کیسے کرنے ہیں اور وہ حل کر بھی رہی ہیں، پنجاب حکومت بس آئی ایس پی کے تحت 12،12 ہزار روپے تقسیم نہیں کرسکتی۔