پنجاب کارڈ کھیلنا مودی کی زبان ہے ندیم افضل چن پنجاب کے وسائل پر پہلا حق صوبے کاہے عظمی بخاری

صوبے کو  چند بابوں یا مخصوص طبقے کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا،پیپلز پارٹی کی بنیاد  پنجاب میں رکھی گئی تھی، اس لئے پنجاب  تقسیم کرنے  کی کوشش کسی صورت قبول نہیں:رہنما پیپلز پارٹی
پیپلز پارٹی کے رہنما پنجاب کے سیلاب پر سیاست کر رہے ہیں‘کیا یہ مشورہ مودی نے دیا؟اگر یہ لوگ میڈیا پر سیلاب پر سیاست کرینگے تو جواب بھی میڈیا پر ملے گا:وزیراطلاعات
پہلا انٹرو
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن نے قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پنجاب کو چند شخصیات یا مخصوص طبقے کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا۔  ہمارا خاندان 1926 سے پنجاب کی سیاست میں سرگرم ہے اور پیپلز پارٹی کی بنیاد بھی پنجاب میں رکھی گئی تھی، اس لیے پنجاب کو تقسیم کرنے یا پنجاب کارڈ کھیلنے کی کوشش کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے کہا کہ "وزیراعلیٰ ہماری بہن ہیں، ہم نے انہیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے، اس لیے یہ تاثر غلط ہے کہ ہم کسی طور پر حکومت کے خلاف ذاتی محاذ کھول رہے ہیں۔ ندیم افضل چن نے پانی اور وسائل کی سیاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور بجلی سمیت تمام وسائل پر لسانی اور صوبائی سیاست دراصل مودی کی زبان ہے، جو ہمیشہ دریاؤں اور پانی کو اپنی ملکیت قرار دیتا رہا ہے۔ "پاکستان سب کا ہے اور پاکستان کے وسائل بھی سب کے ہیں۔ پانی، بجلی، سونا اور گیس صرف ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے ملک کی مشترکہ ملکیت ہے۔
دوسرا انٹرو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے حالیہ بیانات کو غیر سنجیدہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وسائل، خزانے اور پانی پر سب سے پہلے پنجاب کے عوام کا حق ہے، اس کے بعد کسی اور کا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما پنجاب کے سیلاب پر سیاست کر رہے ہیں۔ کیا یہ مشورہ ان کو مودی نے دیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اور لسانی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش پیپلز پارٹی خود کررہی ہے، وہ بھی ایک منظم مہم کے تحت۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اگر آپ کو سوال و جواب کرنا ہے تو اسمبلی کا فورم موجود ہے۔ اگر خود حاضر نہیں ہوسکتے تو آپ کے ارکان تو وہاں موجود ہیں۔ مگر جب آپ میڈیا پر آکر پنجاب کے سیلاب جیسے حساس مسئلے پر اپنی مردہ سیاست کو زندہ کریں گے تو جواب بھی میڈیا پر ہی دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مریم نواز کی کامیابی اور عوامی خدمت سے تکلیف ہورہی ہے، کیونکہ اب سندھ کے عوام بھی مریم نواز کو یاد کرتے ہیں۔ ''مریم نواز پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہیں اور وہ پنجاب کے عوام کے حق میں آواز بلند کرتی رہیں گی۔انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ گزشتہ دو دہائیوں سے ایک ہی خاندان کے قبضے میں ہے۔ وہاں عوام کی خدمت کے کون سے کارنامے سرانجام دیے گئے؟ یہ سب بھی سب کو معلوم ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پچھلے تین ہفتوں سے پیپلز پارٹی باجماعت پنجاب کے سیلاب پر سیاست کر رہی ہے۔ اگر آج بھی آپ کے میچور رہنماؤں نے آپ کو پنجاب پر سیاست سے نہیں روکا تو یہ سیاسی نابالغی اور نالائقی ہی ہے کہ آفات پر سیاست کی جائے۔