کچھ عناصر غیر ضروری تنقید اور پروپیگنڈے میں مصروف ہیں،وقت آئے گا تو جواب دینگے
پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی بہت بڑا ٹاسک ہے‘یہ آسان نہیں ہوگا: میڈیا سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے موجودہ وقت میں ہماری ساری توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں پر مرکوز ہے، لیکن کچھ عناصر غیر ضروری تنقید اور پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولرز اور سیاسی مخالفین کو خبردار کیا کہ "ہمیں سیلاب سے نکلنے دیں، ہم سکور سیٹل کریں گے، ہم سے زیادہ سکور سیٹل کرنا کسی کو نہیں آتا‘‘۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مخالفین کو جواب دینے کا وقت آئے گا تو کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی بہت بڑا ٹاسک ہے یہ آسان نہیں ہوگا، پنجاب حکومت نے اب تک سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے کہیں سے کوئی مدد نہیں لی اور نہ ہی مدد لینے کا ارادہ ہے، پنجاب اپنے وسائل سے لوگوں کی مدد کررہا ہے۔بیگم کلثوم نواز آج زندہ ہوتیں تو یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتیں کہ مریم نواز جنہیں ایک گڑیا اور پیمپرڈ بچے کی طرح پالا پوسا گیا، وہ کس طرح عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔