مختلف شہروں میں الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری فلور ملوں کیلئے25فیصد گندم کی خریداری لازمی قرار‘خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ پنجاب کابینہ کے فیصلے

کاشتکار کو ای ڈبلیو آر سسٹم سے مفت گندم سٹور کرنے کی سہولت ملے گی، 15لاکھ کارکنوں، مزدوروں اور ورکرز کیلئے راشن کارڈ کے ذریعے10ہزار روپے ماہانہ امداد کی تجویز پر اتفاق
 پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کیلئے واٹر سپلائی سکیموں کے ذمے   واجبات کی فوری ادائیگی ‘ہسپتالوں میں ادویات ‘ واجبات کی ادائیگی اور آلات کی خریداری کے لئے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری 

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 25 ویں اجلاس میں کاشتکاروں کے لئے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صہیب بھرتھ کے چچا اور رکن پنجاب اسمبلی ارشد وڑائچ کے انتقال پر اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ترکیہ کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی۔ کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی گرلز ایجوکیشن کے ویژن کو قابل تحسین قرار دیا۔ اجلاس میں فلور ملوں کے لئے 25فیصد گندم خریداری یقینی بنانے کے لئے فوڈگرینز (لائسنسنگ کنٹرول) آرڈریننس، 1957ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی جس کے تحت 25فیصد لازمی گندم خریداری نہ کرنے والے فلور ملوں کے لائسنس منسوخ ہو سکیں گے۔ گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ویٹ سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کی منظوری دی گئی۔ (EWR) الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیٹ سسٹم کے نفاذ کی تجویز کی منظوری دی گئی جس سے کاشتکار کواپنی گندم سٹور کرنے کی سہولت ملے گی اورسٹوریج کے اخراجات حکومت برادشت کرے گی۔ کابینہ اجلاس میں 15لاکھ کارکنوں، مزدوروں اور ورکرز کے لئے پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ورکرز کو راشن کارڈ کے ذریعے10ہزار روپے ماہانہ امداد کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی کاوشوں سے پنجاب میں چاول کے کاشتکاروں کے لئے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ، انہوئی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز، چین اور ایوب ایگریکلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد کے درمیان ایم او یو (MoU) کی منظوری دی۔ چین کا ادارہ پنجاب میں چاول کاہائیبرڈ سیڈ متعارف کرانے کے لئے معاونت کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ زرعی تحقیق کا فائدہ براہ راست کاشتکار کو پہنچنا چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے واٹر سپلائی سکیموں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا۔ اجلاس میں چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں پاکستان کا پہلا نوازشریف ارلی ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا۔ کابینہ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے راجن پور میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا حکم دیا ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے واسا اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی کی کیپسٹی بلڈنگ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے وژن T-30 کے تحت فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے فزیبلیٹی اسٹڈی کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے وژن T-30 کے تحت لاہور میں ییلو، بلیو اور پرپل لائن کے ماس ٹرانزٹ سسٹمز کی فزیبلیٹی اسٹڈیز کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے وژن T-30 کے تحت گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فزیبلیٹی اسٹڈی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب میں چنگ چی رکشوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے پنجاب موٹر وہیکل رولز 1969ء میں ترامیم کی منظوری دی۔ ادویات و ڈرگ کی خریداری کی مد میں واجبات کی ادائیگی کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کے ٹرشری کیئر ہسپتالوں کے لیے فرنیچر و آلات کی خریداری کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہسپتالوں میں فرنیچر اور طبی آلات کی خریداری کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا۔ کابینہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005ء میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی جس کے تحت ایڈیشنل سیشن ججز کو صارفین عدالت کے اختیارات دیئے جائیں گے۔