عوام پرمہنگائی کا نیا بم پنجاب میں آٹا اور گندم مہنگی
سرکاری نرخوں پر ملنے والا 10 کلو آٹے کا تھیلا اب 1100 روپے کے بجائے 1275 روپے میں فروخت ہوگا، رعایتی نرخوں پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دی گئی ،اب گندم کا سرکاری کوٹہ صرف ضلعی سطح پر بھی تقسیم کیا جائے گا
لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا۔ سرکاری نرخوں پر فلور ملوں کو فراہم کی جانے والی گندم کی قیمت 3800 روپے فی من سے بڑھا کر 4500 روپے فی من کر دی گئی، جس سے فی من گندم 700 روپے مہنگی ہو گئی۔ دوسری جانب عوام کو رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جانے والے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 175 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری نرخوں پر ملنے والا 10 کلو آٹے کا تھیلا اب 1100 روپے کے بجائے 1275 روپے میں فروخت ہوگا، جبکہ رعایتی نرخوں پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ حکومت نے ایک ہی فیصلے کے ذریعے ملوں کو فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ گندم اور عوام کے لیے رعایتی آٹے، دونوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔نئے فیصلے کے تحت فلور ملوں کو سرکاری کوٹے کے تحت فراہم کی جانے والی گندم کی قیمت میں 700 روپے فی من اضافہ کیا گیا ہے، جس کا براہ راست اثر رعایتی آٹے کی قیمت پر پڑے گا۔ نئی قیمتوں پر عمل درآمد کل سے شروع ہوگا، تاہم مارکیٹ میں آج ہی سے نئے نرخوں پر آٹے کی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔حکومت پنجاب نے دوسری جانب فلور ملوں کو سرکاری کوٹے کے تحت فراہم کی جانے والی گندم کی مقدار میں بھی اضافہ کیا ہے۔ اس سے قبل صوبے کے 10 ڈویڑنوں کی سطح پر مجموعی طور پر 3525 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی تھی، جسے بڑھا کر 6000 میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے۔ اب گندم کا سرکاری کوٹہ صرف ڈویڑنل سطح کے بجائے ضلعی سطح پر بھی تقسیم کیا جائے گا اور اضلاع میں قائم فلور ملوں کو بھی کوٹے میں شامل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں سرکاری طور پر مقرر نہیں کی گئیں بلکہ انہیں کھلا چھوڑ دیا گیا ہے، تاہم سرکاری کوٹے کے تحت گندم حاصل کرنے والی فلور ملیں رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ حکومت کے اس فیصلے سے جہاں سرکاری گندم کی قیمت میں 700 روپے فی من اضافہ ہوا ہے، وہیں عوام کو ملنے والے رعایتی آٹے کا 20 کلو تھیلا بھی ختم کر دیا گیا ہے اور 10 کلو تھیلے کی قیمت میں یکدم 175 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے