ممبئی: بالی وڈ اداکار وویک اوبرائے بھی اداکارہ کترینہ کیف کے بچے کی پیدائش کے بعد بڑھتے وزن پر ہونے والی تنقید کے خلاف بول پڑے۔
ایک انٹرویو کے دوران وویک اوبرائے نے کترینہ کیف کے وزن پر تبصرے اور تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی پر تنقید نہیں کرنی چاہیے کیونکہ تنقید ایک منفی عمل ہے۔ ان کے مطابق زندگی میں کرنے کے لیے بہت سے مثبت کام موجود ہیں، اس لیے لوگوں کو منفی چیزوں کے پیچھے نہیں پڑنا چاہیے۔اداکار نے کہا کہ ماں بننے کے بعد وزن میں اضافہ ایک فطری عمل ہے اور اس معاملے کو غیر معمولی طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کترینہ کیف فلموں میں واپسی کریں گی تو وہ دوبارہ خود کو فٹ کرلیں گی۔کترینہ کیف کے وزن اور ظاہری حلیے سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو کے تناظر میں اس سے قبل سلمان خان نے بھی آواز اٹھائی تھی۔ سلمان خان نے اپنے رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ کی ایک حالیہ قسط میں سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کے جسم، حلیے اور ذاتی معاملات کو مذاق کا نشانہ بنانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سلمان خان نے سوال اٹھایا تھا کہ جو لوگ خود اپنی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے عدم اطمینان کا شکار رہتے ہیں، وہ دوسروں کے وزن اور حلیے پر تنقید کرنے کو اپنا حق کیسے سمجھ سکتے ہیں۔دوسری جانب پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بھی کترینہ کیف کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو کلپ کے ذریعے ان کی حمایت کی تھی۔کترینہ کیف کے حوالے سے سامنے آنے والے ان بیانات کے بعد شوبز شخصیات کی جانب سے جسمانی خدوخال اور وزن پر غیر ضروری تنقید سے گریز کرنے کی بحث ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئی ہے۔