محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، پاک امریکا تعلقات اور سرمایہ کاری پر گفتگو

محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، پاک امریکا تعلقات اور سرمایہ کاری پر گفتگو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران خطے کی تازہ صورتحال کے تناظر میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں، علاقائی سکیورٹی اور پاکستان کی امن کے لیے کاوشوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی رابطوں کو مضبوط اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور اس ضمن میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دنیا اور دہشت گردی کے درمیان ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلسل کوششوں اور قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے، باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔