وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے محسن نقوی کو نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام کی ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر عالمی امن کے قیام کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مخلصانہ کاوشوں کے نتیجے میں پاک بھارت سمیت چار جنگیں رکیں جو انسانیت کی خدمت کا بڑا ثبوت ہے۔
انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ روس-یوکرین اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکی صدر کی کوششیں بھی کامیاب ہوں گی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات میں وسعت اور گرمجوشی آئی ہے، پاکستان عالمی امن اور خطے کے استحکام کیلئے ہر اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا اہم دوست ملک ہے اور امریکہ اس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔