وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے نئے مواقع پر بات چیت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے نئے مواقع پر بات چیت

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کو امریکا میں مطلوب شہریوں کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک سائنس کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔قائم مقام امریکی سفیر نے ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا بیان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی رابطے جاری رہیں گے۔