محسن نقوی سے نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، سفارتی کوششوں اور ممکنہ مذاکراتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی کشیدگی اور اس کے اثرات پر بات چیت کی، جبکہ خاص طور پر مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد سے متعلق سفارتی کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات کو کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق تنازعات کے دیرپا حل کے لیے سفارتی چینلز کا مسلسل فعال رہنا ضروری ہے۔انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت اور تعمیری پیش رفت سامنے آئے گی، تاکہ خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
مزید گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اس معاملے کے حل کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں کر رہے ہیں، اور پاکستان پرامن حل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔امریکی سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔