ملزم سامان منزل تک پہنچانے کے بجائے رکشے سمیت فرار ہونے کی کوشش کی
جدید ٹیکنالوجی سے پکڑا گیا پولیس نے دو کمپیوٹر، ایل سی ڈیز اور قیمتی تار برآمد کرلیے
لاہور(کرائم رپورٹر) سبزہ زار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کا الیکٹرانک سامان لے کر فرار ہونے والے رکشہ ڈرائیور کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نیامت رکشے پر سامان لوڈ کروانے والے شہریوں کا سامان مقررہ مقام تک پہنچانے کے بجائے لے کر فرار ہو جاتا تھا۔ شہری ذیشان نے الیکٹرانک سامان مقررہ مقام تک پہنچانے کے لیے رکشہ ڈرائیور نیامت کے حوالے کیا، تاہم ملزم سامان منزل تک پہنچانے کے بجائے رکشے سمیت فرار ہوگیا۔ شہری کی مدعیت میں تھانہ سبزہ زار میں چوری کا مقدمہ درج کیا گیا۔سبزہ زار پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے شہری کے دو کمپیوٹر، دو ایل سی ڈیز اور قیمتی تار برآمد کر لیے۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ چوری شدہ سامان واپس ملنے پر شہری ذیشان نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ایس پی اقبال ٹاو?ن سدرہ خان نے سبزہ زار پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائی پولیس کی ترجیح ہے۔