48 گھنٹوں میں 7شتہاریوں سمیت مختلف مقدمات کے ملزم دھر لئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر اشتہاریوں، عادی ملزمان اور عدالتی مفروران کے خلاف ڈولفن سکواڈ کا خصوصی ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 7 اشتہاریوں سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب 88 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق گرفتار ملزمان پر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ ڈولفن سکواڈ نے 71 ریکارڈ یافتہ اور 7 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا۔ مختلف زیرِ سماعت مقدمات میں مطلوب 3 عدالتی مفروران بھی گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے ڈولفن سکواڈ ہمہ وقت الرٹ ہے، جبکہ اشتہاریوں، عادی ملزمان اور عدالتی مفروران کے خلاف خصوصی ٹارگٹڈ آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔