ہنجروال میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ، زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے ہلاک

ہنجروال میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ، زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے ہلاک

لاہور: تھانہ ہنجروال کی حدود میں سی سی ڈی اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں زیرحراست ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ہنجروال کی ٹیم ایک زیرحراست ملزم کو ریکوری کے لیے لے کر جا رہی تھی کہ راستے میں موٹر سائیکلوں پر سوار اس کے مبینہ ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اسی دوران زیرحراست ملزم اختر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم اختر کی شناخت کرلی گئی ہے اور وہ دو درجن سے زائد مقدمات میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔