پی ٹی آئی لانگ مارچ کی فنڈ ریزنگ معمہ بن گئی ، سلمان اکرم راجہ کا لاتعلقی کااظہار

 پارٹی فنڈ ریزنگ یا بینک اکاؤنٹس چلانے سے  میرا کوئی تعلق نہیں، وضاحتی بیان جاری کردیا
اسلام آباد (آن لائن) 27 ستمبر کو تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کے لیے جاری فنڈ ریزنگ مہم پر پارٹی کے اندر اور باہر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے فنڈ ریزنگ اور پارٹی بینک اکاؤنٹس کے معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔ ان کے بیان کے بعد چندہ مہم کس کی منظوری، نگرانی اور ذمہ داری کے تحت چل رہی ہے، یہ سوال اہمیت اختیار کرگیا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی فنڈ ریزنگ یا بینک اکاؤنٹس چلانے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر فنڈ ریزنگ کے حوالے سے ان کا نام استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔سلمان اکرم راجہ کی وضاحت کے بعد پارٹی کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے جاری چندہ مہم کے انتظامی ڈھانچے اور ذمہ داری سے متعلق سوالات سامنے آئے ہیں۔ بالخصوص یہ سوال زیر بحث ہے کہ اگر پارٹی کے سیکریٹری جنرل فنڈ ریزنگ سے لاتعلق ہیں تو مہم کس کی منظوری اور کس کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے۔تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ سے متعلق ماضی میں بھی مختلف سوالات اور بحث سامنے آتی رہی ہے۔ موجودہ چندہ مہم کے تناظر میں بھی فنڈز کے ذرائع، وصولی کے طریقہ کار، مالی نگرانی اور رقوم کے استعمال سے متعلق شفافیت کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔لانگ مارچ کے لیے جاری فنڈ ریزنگ مہم کے حوالے سے یہ بھی سوالات سامنے آئے ہیں کہ چندہ کس ذریعے سے جمع کیا جا رہا ہے، رقوم کہاں منتقل کی جائیں گی، ان کی نگرانی کون کرے گا اور احتجاجی سرگرمیوں کے لیے حاصل ہونے والے فنڈز کو کس طریقہ کار کے تحت استعمال کیا جائے گا۔تاہم ان سوالات کے حتمی جواب پارٹی کی جانب سے فنڈ ریزنگ مہم کے منتظمین، منظوری کے طریقہ کار اور مالیاتی تفصیلات کے باضابطہ طور پر سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوسکیں گے