سید پیر وارث شاہ عرس کی تقریبات جنڈیالہ شیر خان میں شروع

شیخوپورہ(آئی این پی)پنجابی زبان کے شیکسپیئر اور عظیم صوفی شاعر سید پیر وارث شاہ کے 228ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات آج سے تاریخی قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں شروع ہوں گی۔ عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند، زائرین، ادیب، شعرا، دانشور اور وارث شاہ سے محبت رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ تین روزہ عرس کے دوران محفل مشاعرہ، ہیر خوانی، لوک گائیکی سمیت مختلف ادبی، ثقافتی اور روحانی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔عرس کی تقریبات کے سلسلہ میں جنڈیالہ شیر خان میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، جبکہ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔