سٹریٹ کرائم میں کمی ہوگئی پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیا نہیں چل سکتا:مریم نواز

 پنجاب میں تمام ادارے باہمی اشتراکِ کار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، امن و امان کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑتا ہے
 کچے کے علاقے میں 62 کروڑ  کی لاگت سے سٹیل برج تعمیر کیا جائیگا،  عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں
 چیلنجز کے باوجود عوام کی حفاظت کیلئے ہر ممکن  اقدامات کئے جا رہے ہیں،عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے بچانے پر بھی توجہ مرکوز ہے: ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  کی زیرِ صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں پر اظہارِ تشکرکیااور فتنہ الہندوستان کیخلاف آپریشن میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اجلاس میں آپریشن ضربِ للہ الحق میں شہید کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعاکی گئی۔ کمانڈر لاہور کور بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمانڈر لاہور کور نے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے حکومت پنجاب کے سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ کچے کے علاقے میں سوشل انفراسٹرکچر کے قیام کیلئے 93 منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔کچے کے علاقے میں اسمارٹ پولیس اسٹیشنز اور پولیس چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی۔ کچے کے علاقے میں 62 کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیل برج تعمیر کیا جائے گا۔ کچے کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے اخراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونیوالے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔جوان بیٹوں کو محاذ پر بھیجنے والے والدین ہم سے بہتر اور اعلیٰ ترین لوگ ہیں۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں تمام ادارے باہمی اشتراکِ کار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ پیفٹاک کے ذریعے بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو رہا ہے۔ایک ٹیم بن کر یکساں سمت میں کام کرنے سے کامیابی ملتی ہے۔ پاک فوج اور تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔امن و امان کے لیے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سٹریٹ کرائم میں کمی سے عوام میں احساسِ تحفظ پیدا ہوا ہے۔ پنجاب میں غنڈہ گردی اور قبضہ مافیا نہیں چل سکتا۔ پنجاب بھر میں مافیاز کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔انہوںنے بتایا کہ کرپشن میں ملوث ہونے پر پولیس کے 718 ملازمین کو ملازمت سے نکالا گیا‘انہوں نے کہا مختلف چیلنجز کے باوجود عوام کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے بچانے پر بھی توجہ مرکوز ہے۔