امریکا کی جانب سے چین پر اضافی محصولات عائد کرنا نیکی کے بدلے برائی کے مترادف ہے،ترجمان لین جیئن
بیجنگ(یواین پی)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے پریس کانفرنس میں امریکا کی جانب سے فینٹانل کی بناء پر چین پر ایک بار پھر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے چین نے بارہا اپنی مخالفت کا اظہار کیا ہے، چین کی جانب سے اٹھائے گئے جوابی اقدامات مکمل طور پر اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ایک جائز اور ضروری اقدام ہیں۔منگل کے روز ترجمان نے کہا کہ انسانی ہمدردی اور امریکی عوام کے ساتھ دوستی کی وجہ سے چین نے فینٹانل کے مسئلے سے نمٹنے میں امریکا کی مدد کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں ۔ اس صورتحال کے تناظر میں امریکا نے چین کو بدنام کر کے اضافی محصولات کے نفاذ کے ذریعے دبائو اور بلیک میلنگ کی، جو نیکی کے بدلے برائی ہے۔ اس سے امریکا کے اپنے مسائل حل نہیں ہوں گے، بل کہ منشیات پر قابو پانے کے شعبے میں دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت اور تعاون کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چینی عوام کسی بھی غنڈہ گردی سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں۔دبائو، جبر اور دھمکیاں چین کے ساتھ مسائل کے حل کا صحیح طریقہ نہیں ہیں۔ اگر امریکا مسئلے کو حل کرنا چاہتا ہے تو اسے برابری، احترام اور باہمی تعاون کی بنیاد پر مشاورت کرنی چاہیے۔