کراچی کے سٹریٹ کرائم میں 60فیصد کمی آئی:وزیر داخلہ سندھ کا دعویٰ

ڈکیتی کے دوران مزاحمت قتل کے واقعات میں بھی 50فیصد کمی آئی ہے، ضیا الحسن لنجار کا سندھ اسمبلی میں اظہار خیال 
 کراچی (آئی این پی )وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں سٹریٹ کرائم میں 60فیصد کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ امن و امان کیلیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اس وزارت کی اولین ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر داخلہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے روزانہ 3 سے زائد افراد سٹریٹ کرائم کا شکار ہوتے تھے، لیکن اب یہ تعداد کم ہو کر روزانہ ایک فرد رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت قتل کے واقعات میں بھی 50فیصد کمی آئی ہے، لیکن ان کا مقصد مکمل طور پر ایسے واقعات کا خاتمہ ہے۔ضیا الحسن لنجار کے مطابق پہلے چھینی گئی موٹر سائیکلیں اور کاریں کباڑیوں کے پاس پہنچ جاتی تھیں، لیکن حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے 300کباڑیوں کو گرفتار کیا ہے۔ کراچی کے تاجروں نے اس مہم میں حکومت کا ساتھ دیا۔انہوں نے کراچی میں اسلحہ کے پھیلا ئوکو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا گارڈز کے ساتھ سفر کرنا ایک مسئلہ ہے، جسے ختم کرنے میں وقت لگے گا۔ تاہم، حکومت اسلحہ کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔