اسلام آباد: جسٹس طارق جہانگیری نے جوڈیشل ورک سے روکنے کے معاملے پر سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے، جس میں کیس کی جلد سماعت کے لیے اپیل فکس کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں تجویز دی گئی کہ 22 سے 26 ستمبر تک کے عدالتی ہفتے میں سماعت کی جائے۔جسٹس طارق نے موقف اپنایا کہ مجھے بطور جج جوڈیشل ورک سے روکنے کا حکم بغیر سنے دیا گیا، اور میرے خلاف ہائیکورٹ میں دائر رٹ کی قابل سماعت ہونے کا تعین کیے بغیر مجھے روک دیا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ اگر جج کو کام سے روکنے کا حکم برقرار رہا تو اس سے مقدمہ بازی کا نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، اور کسی بھی جج کے خلاف شکایت زیر التوا ہونے پر کسی بھی وقت درخواست دائر کی جا سکتی ہے کہ اسے جوڈیشل ورک سے روکا جائے۔جسٹس طارق جہانگیری نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ وہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کرے اور اپیل اسی عدالتی ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔