سپریم کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا حکم معطل کر دیا

سپریم کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا حکم معطل کر دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کے حکم نامے کو معطل کر دیا ہے۔

سماعت سے قبل صحافی کے سوال پر جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ "حیرت ہے، 34 سال بعد ڈگری منسوخ کر رہے ہیں، دنیا کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈگری منسوخی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔عدالت عظمیٰ میں جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے مشاورت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ معطل کیا اور فریقین، اٹارنی جنرل کے دفتر اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیا۔ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ 26 ستمبر کو کراچی یونیورسٹی نے جسٹس طارق جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کر دی تھی، جس پر ایڈووکیٹ میاں داؤد کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔